لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قائدین کو تسلیم کرنا چاہیے کہ تاریخ کبھی خود غرض سیاستدانوں پر مہربان نہیں ہوتی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ میں ہیرا پھیری کی کسی بھی کوشش کا نتیجہ افراتفری کا باعث بنے گا۔
انتخابی عمل کی گرما گرمی ختم ہوچکی، اب ملک کو استحکام کی طرف جانے کی اجازت دینے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف، آصف علی زرداری، بانی پی ٹی آئی، مولانا فضل الرحمان، اور دیگر کو چھوٹی موٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر ملک کو درپیش بے پناہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہیں یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ تاریخ خود غرض سیاستدانوں پر مہربان نہیں ہے۔