سجاول/مٹیاری( این این آئی)سجاول اور سیہون میں الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر سرکاری ملازمین کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ۔سجاول کے حلقے پی ایس 74سے انتخابات کی ڈیوٹی سے غیر حاضر 300سے زائد اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے، وارنٹ جاری ہونے والوں میں میڈیکل افسران، اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین شامل ہیں۔دوسری جانب سیہون سے الیکشن ڈیوٹی سے 134 سرکاری ملازمین غیر حاضر ہیں۔
ریٹرننگ افسران نے کہا ہے کہ ایس ایس پی سجاول غیر حاضر ملازمین کو گرفتار کر کے پیش کریں، ملازمین کی اکثریت نے حاضری کی یقین دہانی کرائی ہے۔علاوہ ازیں مٹیاری میں الیکشن ڈیوٹی نا کرنے والے 10 سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔سرکاری ملازمین کے وارنٹ گرفتاری مٹیاری ریٹرننگ افسر نے دئیے جس نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ریٹرننگ افسر نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کو ملازمین کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دیا ۔