راولپنڈی (این این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ عدت کیس مجھے ذلیل کرنے کیلئے بنایا گیا ، اٹک جیل میں ڈیل کی پیشکش ہوئی، تین سال خاموشی سے بیٹھنے کو کہا گیا، جس دن رداری سے کہابچالو وہ قیامت کادن ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے توشہ خانہ کیس میں جو سزا دی آج تک کسی کو نہ دی گئی جبکہ عدت کیس مجھے ذلیل کرنے کیلئے بنایا گیا ،پوری کوشش کی گئی مجھے ذلیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر 200کیسز بنائے گئے آج تک کسی کیخلاف اتنے کیسز نہیں بنائے گئے، میں آج بھی کہتا ہوں نہ ڈیل کی ،نہ کروں گا ۔
انہوں نے کہا کہ اٹک جیل میں مجھے پیشکش کی گئی کہ 3سال خاموش رہوں، پیچھے ہٹ کر بنی گالہ بیٹھ جائوں،جس دن زرداری سے کہا کہ بچا لو وہ قیامت کا دن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے سائفر کیس میں 342کے بیان پر دستخط نہیں کیے، مگریہ فیصلے میں کیسے لگایاگیا، بشری بی بی سے پوچھا تک نہیںگیا، 6گھنٹے بٹھایا اور بنی گالہ لے گئے۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کو بنی گالہ میں ایک کمرے تک محدود کر دیا ہے، کمرے کے شیشے بند کر کے اندھیرا کردیا گیا ہے، ادھر سے تو جیل بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، جے آئی ٹی بنی لیکن سب کیسز ختم کردیئے گئے، شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے کا مضبوط کیس تھا مگر ختم کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملک پر 400ڈورن حملے ہوئے ،ان میں سے کوئی بولا ہی نہیں۔