کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے ناظم آباد میں گزشتہ شب دو سیاسی جماعتوں کے جھگڑے کے باعث ڈی آئی جی ویسٹ نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے گھر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی کے علاقے ناظم آباد دو نمبر میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم ہوا تھا اور اس میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔تصادم کے بعد نامعلوم افراد نے دو گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور علاقے میں کشیدگی پھیلنے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی۔
تاہم اب ڈی آئی جی ویسٹ نے اس واقعے کا سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام متعلقہ پولیس افسران اور اہلکاروں پر الیکشن کے دن تک گھر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی کا کہنا ہے کہ الیکشن تک کوئی بھی افسر یا اہلکار گھر نہیں جائے گا۔ اپنے سونے اور آرام کے لیے تھانے میں ہی جگہ بنائیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ بغیر اجازت گھر جانیوالے افسر اور اہلکار کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب انہوں نے سیاسی کارکنوں کو بھی واضح طور پر کہا ہے وہ ہتھیار لے کر نہ چلیں، کسی بھی ریلی یا جلسے میں اب ہتھیار دیکھا گیا تو اس کے خلاف موثر ایکشن لیں گے۔