اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک سے سودی نظام ختم کر کے 5 سال میں اسلامی فنانس کو رائج کریں گے۔اسحاق ڈار کی زیر صدارت انسداد ربا فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا اور گورنر اسٹیٹ بینک (ایس بی پی)
جمیل احمد و دیگر نے شرکت کی۔ دوران اجلاس وزیر خزانہ نے کہا کہ گورنر ایس بی پی کی رہنمائی سے کوششیں کامیاب ہوں گی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کو سراہا اور حکومت کی اسلامی فنانس کو فروغ دینے کی ترجیح پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ وزیر خزانہ نے کمیٹیوں میں اسلامی قانون کے ماہرین کو بھی رکھنے اور اضافی سکوک بانڈز کے اجرا کیلئے علما اور دانشوروں سے مشاورت پر زور دیا۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ کی وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں گورنر ایس بی پی جمیل احمد نے وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کے روڈ میپ پر بریفنگ دی۔گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے 5 ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں موجودہ اقتصادی اور مالی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، سیلاب متاثرہ علاقوں کی ضروریات کیلیے مکمل تعاون کریں گے۔