اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے پشاور سے سینٹ کی جنرل نشست کے امیدوار و وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے خیبر پختونخواہ اسمبلی سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔سینٹ الیکشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق کے پی کے میں سینٹ کے الیکشن کے دوران سینیٹر شبلی فراز نے دیگر امیدواروں کی نسبت سب
سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں ۔سینیٹرشبلی فراز کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہمیشہ کم سے کم اخراجات سے سینٹ میں دوسری مرتبہ کامیاب ہوئے ہیں وہ ایوان بالا میں پی ٹی آئی کی ایک توانا آواز ہیں اور بطوروزیراطلاعات سینیٹر شبلی کی خدمات بھی احسن رہی ہیں ، پارٹی کے لئے خدمات اور بہترین نمائندگی پر وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کی قیادت نے انھیں سینٹ کا دوبارہ ٹکٹ جاری کیا اس مرحلے میں بھی شبلی فراز کامیاب قرار پائے ہیں ۔دریں اثنا وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جرات مند لیڈر ہیں، ان کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ بہادر آدمی کی نشانی ہے، ملکی سیاست کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، سینیٹ انتخابات میں عبدالحفیظ شیخ کو کم ووٹ ملنا وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید ہوئی ہے، پی ڈی ایم جماعتوں نے ملکی سیاست میں پیسے کا استعمال کر کے جمہوریت کو کھوکھلا کیا ہے، یوسف رضا گیلانی جیتے نہیں
بلکہ یہ الیکشن چرایا گیا ہے اور ان کے بیٹے کی وڈیو سامنے آنے سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا رنگے ہاتھوں آئین کو پامال کرتے ہوئے پکڑا گیا، اگر یوسف رضا گیلانی میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ انتخابات سے دستبردار ہو جاتے، وڈیو منظرعام پر آنے
کے بعد مریم نواز اور بلاول بھٹو کو اپنا منہ چھپانا چاہیے تھا لیکن یہ لوگ ڈھٹائی کے ساتھ شادیانے بجا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے، پارلیمنٹ میں
بل پیش کرنے سمیت عدالت سے رجوع کیا اور آرڈیننس لائے تاکہ ضمیرفروشی کے بازار کو بند کیا جا سکے۔شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں تمام جماعتوں کے ارکان بکتے ہیں، وزیراعظم عمران خان میں اخلاقی جرات ہے جنہوں نے ماضی میں ضمیر فروشی کرنے پر اپنے
20 ایم پی ایز کو فارغ کر دیا تھا لیکن کسی دوسری جماعت نے آج تک اپنے ارکان کے خلاف کارروائی نہیں کی، آئندہ بھی اگر کوئی کرپٹ پریکٹس میں ملوث پایا گیا تو وزیراعظم عمران خان اس کے خلاف بھی ایکشن لیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات
کے حوالے سے جن خدشات کا اظہار کیا تھا آج اس پر مہر ثبت ہوئی ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے، خیبرپختونخوا میں ہم نے کلین سویپ کیا اور دیگر صوبوں سے جتنی سیٹیں ملنی چاہییں تھیں اتنی ملی ہیںِ، اصل ایشو یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ملکی سیاست میں
اخلاقیات کو اتنا تباہ کر دیا ہے کہ کرپشن کرپشن نہیں ، گناہ گناہ نہیں اور چوری چوری نہیں لگتی اس پر بات ہونی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی ایڈجسمنٹ الگ بات ہے، ووٹ کا خریدنا اور بیچنا یہ بڑا ایشو ہے، ملک میں شفاف نظام لانے کیلئے ہمیں ہر صحیح چیز کو سپورٹ اور ہر
غلط کام کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیشہ سے کہہ رہے ہیں کہ جب تک انتخابات میں شفافیت نہیں لائیں گے سیاست میں پیسے کے استعمال اور خریدوفروخت جیسے واقعات ہوتے رہیں گے، جمہوریت کمزور ہوتی رہے گی اور لوگ پیسے اور دھونس کے ذریعے ایوان میں آتے رہیں گے، وزیراعظم عمران خان شفاف نظام کیلئے جنگ کر رہے ہیں اور ہم اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔