اسلام آباد (این این آئی)وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے سے قومی خزانے پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ بڑے گا ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے سے قومی خزانے پر 40
ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے 4 ماہ میں 10 ارب روپے اضافی اخراجات آئیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگلے مالی سال تنخواہوں کا بل 30 ارب روپے بڑھ جائیگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کے احتجاج کے باعث گریڈ 1 سے 19 تک بنیادی تنخواہ میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا۔حکام وزارت خزانہ کے مطابق گریڈ 20 سے 22 تک تنخواہوں میں اضافے کی صورت میں اخراجات مزید بڑھ جائیں گے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، پی ڈی ایم اور تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ الحمد اللہ گریڈ ایک سے انیس تک کے مرکزی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے پچیس فیصد اضافہ کردیا گیاہے ، صوبائی حکومت کو بھی ہدایت کی ہے کہ ہماری ہدایت پر عمل کی کوشش کریں ۔انہوں نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹرز کے ساتھ بھی معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں، ٹی ایل پی کیساتھ بھی معاملہ طے پاگیاہے ۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پی ڈی ایم نے پوری کوشش کی وہ سرکاری ملازمین کو مشتعل کرسکے، پی ڈی ایم اس میں بری طرح ناکام رہی ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے نالہ لئی کے لئے بھی70 ارب روپے کے فنڈ جاری کرنے کا حکم دیاہے، نالہ لئی منصوبے کو دوسال میں مکمل کیاجائے گا۔