اسلام آباد (این این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے سامنے احتجاج کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پیر کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں پی ڈی ایم احتجاج کے حوالے سے اہم تجاویز زیر غور آئیں گی، سیکیورٹی کیلئے ایک
ہزار اہلکار تعینات کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق ریڈ زون کنٹینرز فری رہیگا اور اپوزیشن کو اسٹیج نہیں بنانے دیا جائے گا، اپوزیشن کو ٹینٹ اور لاوڈ اسپیکر کی اجازت بھی نہ دینے کی تجویز ہے۔اجلاس میں ریڈ زون ٹریفک کے لیے متبادل روٹ بھی زیر غور آئیگا۔ ایس ایس پی آپریشن مصطفی تنویر سیکیورٹی کے انچارج ہوں گے، اسلام آباد انتظامیہ پی ڈی ایم سے احتجاج کا وقت اور شیڈول طے کرے گی۔ پی ڈی ایم کے وفد کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کر ائی جائے گی۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سینیٹ الیکشن سے متعلق اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے بڑا ٹاسک سپرد کیے جانے کے بعد عثمان بزدار نے سینیٹ الیکشن سے متعلق آئندہ ہفتے اہم اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب آئندہ 2 روز میں اتحادی جماعت ق لیگ کے صدر اور اسپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات بھی کریں گے۔ذرائع کے مطابق عثمان بزدار اس ملاقات کے ذریعے اتحادی جماعت کو سینیٹ الیکشن کی تیاری کی مشاورت میں شریک کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب اور اسپیکر صوبائی اسمبلی پرویز الہٰی کی ملاقات میں سینیٹ الیکشن سرگرمیوں پر مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان
پہلے ہی سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پرویز الہٰی سے مشاورت کرچکے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے آئندہ ہفتے متوقع اہم اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما بھی شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نیوزیراعلیٰ پنجاب کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ سینیٹ الیکشن پر مشاورت سے حکمت عملی کی تیاری کا ٹاسک سونپا ہے۔عثمان بزدار سینیٹ الیکشن کے پیش نظر پہلے ہی اپوزیشن ارکان اسمبلی سے رابطوں میں تیزی لاچکے ہیں۔