اسلام آباد(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ جب وزیراعظم کہے بلیک میل نہیں کیا جا سکتا تو مطلب انا ریاست سے بڑی ہے ۔اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ رویہ فاشزم کی سمت ہے۔رضا ربانی نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان
میتوں پر سے پرواز کرکے گوادر پہنچے لیکن کوئٹہ نہیں اترے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین نے وزیر اعظم کے بیان پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک تو عمران خان کوئٹہ نہیں جا رہے اور پھر اس طرح کے بیانات دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ ہزارہ برادری کے افراد کے دردناک قتل کے معاملے کو کتنا سنجیدہ لے رہے ہیں۔اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر #کچھ_تو_شرم_کھا_عمران_خان کا ٹرینڈ بنا دیا گیا جس کو استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر خوب تنقید کی جا رہی ہے۔ ایک صارف نے سانحے میں 18 سالہ بیٹے کو کھو دینے والے باپ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے مطابق یہ 70 سال کا بوڑھا باپ جس نے اپنے 18 سال کے بیٹے کو کھو دیا وہ انہیں بلیک میل کررہا ہے۔یہ آدمی اس بیٹے کے لئے انصاف مانگ رہا ہے جس کی پشت کے پیچھے بندھے ہوئے ہاتھوں پر پٹی باندھ کر اسے ذبح کیا گیا تھا وہ اسے بلیک میل کررہا ہے۔ایک صارف نے کہا عمران خان نے ثابت کر دیا کہ وہ اب تک کے سب سے بے حس وزیراعظم ہیں۔