لاہور(این این آئی) شالیمار کے علاقہ بھوگیوال میں گیس پائپ لائن بچھانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا، پتھراؤ سے 6افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ بتایا گیا ہے کہ شالیمار
کے علاقہ بھوگیوال میں گیس پائپ لائن بچھانے کے معاملے پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی جو بڑھتے بڑھتے جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی۔ کارکنوں نے اشتعال میں آکر پتھراؤ شروع کر دیا جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا، پتھراؤ کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ حلقہ این اے 127سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر جمشید اقبال چیمہ کے سیکرٹری میاں اشتیاق اور دوسرے اکابرین موقع پر پہنچ گئے اور پولیس کے ساتھ مل کر معاملے کو حل کرایا جس کے بعد دوبارہ کام شروع کر دیاگیا۔میاں اشتیاق نے کہا کہ بھوگیوال کا علاقہ انتہائی غریب آبادیوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے پر جمشید اقبال چیمہ نے سوئی گیس کی پائپ لائن بچھانے کیلئے تگ و دو کی۔ گزشتہ روز جب پائپ لائن بچھانے کیلئے ٹیم پہنچی تو مسلم لیگ (ن) کے کچھ لوگوں نے اشتعال انگیزی کرتے ہوئے رکاوٹ ڈالی اور پتھراؤ بھی کیا۔