اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسامہ ستی کے والد نے کہا ہے کہ شیخ رشید نے مجھ سے وعدہ کیا تھا ہائی کورٹ کے ججز تحقیقات کرینگے ،چیف جسٹس معاملے کا نوٹس لیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم یونس ستی نے کہاکہ اسامہ کیلئے آواز اٹھانے پر میڈیا سول سوسائٹی،
تاجران سمیت سب کا مشکور ہوں ،مجھے انتہائی دکھ ہے رات کے دو بجے محافظوں نے میرے معصوم بیٹے کو قتل کردیا۔ انہوںنے کہاکہ گولیاں گاڑی کے آگے سے لگی ہیں نہ کہ پیچھے سے لگیں،اسامہ کو گاڑی سے باہر نکال کر قتل کیا گیا،اسامہ کے پاؤں پر لگنے والی گولی سے بھی یہی لگتا ہے،یہ پولیس کی غفلت نہیں ،جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر پولیس والے تعاقب کررہے تھے تو سامنے سے گولیاں کس نے ماریں۔ انہوںنے کہاکہ شیخ رشید نے مجھ سے وعدہ کیا تھا اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز تحقیقات کریں گے،اب تک شیخ رشید نے ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا،ہم ان کی انکوائری کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں میرے کیس کی جلد از جلد تحقیقات کیں جائیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم صاحب اگر ان قاتلوں کو سزا نہ ہوئی تو میں قاتلوں کو معاف کردوں گا تاہم آپ معاف نہیں کرونگا ۔ انہوں نے کہاکہ جمعے والے دن پریس کلب کے باہر احتجاج کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جس گن سے فائرنگ ہوئی وہ نہیں مل رہی ،مقدمہ درج ہونا کوئی بڑی بات نہیں اگر ایف آئی آر کمزور ہوگی تو لازمی بات ہے کہ ججز ملزمان کو چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔