لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں ماں سے خالص رشتہ سے کوئی نہیں ہوتا،والدہ کے انتقال کی اطلاع ملنے پر جیل میں بے بسی کا عالم تھا، جب قید میںماں کے انتقال کی خبر ملے تو اس سے بڑی بے بسی اور کیا ہو سکتی ہے،حکومت کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی ہو گئی ہے ،اگر ملک کے حالات کو بہتر بنانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں سے
قومی ڈائیلاگ کرناہوگا مگر افسوسناک بات ہے کہ اب گالی سے بات شروع ہوتی ہے گالی پر ختم ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جاتی امراء رائے ونڈ میں والدہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے آنے والے صحافیوں کے وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں آپ والدہ کے انتقال پر تعزیت کے لئے آئے ۔،دعائوں کی چھتری چلی جائے تو واپس نہیں آتی،ماں سے خالص کوئی رشتہ نہیں ،جب قید میں ماں کے انتقال کی خبر ملے اس سے بڑی بے بسی کیا ہو گی ، فوتگی کے بعد جیل میں بڑے بھائی نواز شریف سے بات کرائی گئی۔شہباز شریف نے کہا کہ والدہ خاندان کے ہر فرد کے ساتھ ایک جیسی تھیں،کوئی فرق نہیں ڈالتی تھیں،بچپن میں کبھی ڈانٹتی تھیں پھر پیار کرتی تھیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے حالات بہت خراب ہو چکے ہیں،حکومت کے ہاتھوں پاکستان کی تباہی ہو گئی۔ صحافی نے سوال کیا ملکی معاملات ٹھیک کرنے کا طریقہ کیاہے ؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ صحافی میری ضمانت کرائیں پھر بتائو ں گا ،ابھی تو پیرول پر رہا ہوں ،ہر شعبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکاہے ۔ انہوںنے کہا کہ اجتماعی کاوش سے ملک لے حالات بہتر ہوسکتے ، نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے ،اگر ملک کے حالات کو بہتر بنانا ہے تو تمام سیاسی جماعتوں سے قومی ڈائیلاگ کرناہوگا مگر افسوسناک بات ہے کہ اب گالی سے بات شروع ہوتی ہے گالی پر ختم ہوتی ہے ،پی ٹی آئی نے قومی سیاست میں زہر گھول دیا ہے۔