اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر جا کر انکی خیریت دریافت کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ وزیراعظم نے چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی عیادت کی۔اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ق لیگ کے
رہنما پرویزالٰہی،چودھری شافع حسین اور چودھری سالک نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم نے چودھری شجاعت حسین سے ملاقات میں ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین کو صحت بہتر ہونے پر گزشتہ ہفتے لاہور کے سروسز اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔ چودھری شجاعت حسین گیارہ روز تک اسپتال میں زیرعلاج رہے تھے۔اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق چودھری شجاعت کو سانس کا مسئلہ حل ہوا تھا۔ انھیں نمونیہ کی وجہ سے سانس کا مسئلہ ہوا تھا۔اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور کے سروسز اسپتال میں چودھری شجاعت کی عیادت کی تھی۔واضح رہے کہ ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کو پھیپھڑوں میں انفیکشن اور سانس لینے پر دشواری اسپتال لایا گیا تھا۔