لاہور،اسلام آباد( آن لائن، این این آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری احمد مختار انتقال کر گئے۔خاندانی ذرائع نے انتقا ل کی خبر تصدیق کرتے ہوئے بتا یا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔چودھری احمد مختار سال 2008 سے سال 2013 تک تک وزیر دفاع رہے
جبکہ وہ مختلف ادوار میں وزیر دفاع، وزیر پانی و بجلی اور وزیر تجارت بھی رہ چکے تھے۔چودھری احمد مختار کے انتقال پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے اظہار افسوس کیا جبکہ پارٹی رہنما و کارکنان نے ان کے انتقال کی خبر سن کر ان کے گھر پہنچنا شروع ہو گئے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پیپلز پارٹی رہنما مختار احمد کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ چودھری احمد مختار کے ساتھ سیاسی معاملات پر بحث ہوتی تھی، پاکستانی سیاست میں چودھر ی احمد مختار کو یاد رکھا جائے گا۔ دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وفاقی وزیر چودھری احمد مختار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک ثابت قدم ،تجربے کار اور پارٹی کا سرمایہ تھے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوںنے کہا کہ چودھری احمد مختار کے انتقال سے بہت غمزدہ ہوں، ہم ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کریں گے،دعا گو ہوں اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میںاعلی مقام عطا
فرمائے اورسوگوار خاندان کو صبر جمیل دے۔پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، جنرل سیکرٹری چودھری منطور احمد اورپنجاب اسمبلی میںپارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے بھی چودھری احمد مختار کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
چودھری احمد مختار کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے ، ان کی سیاسی و سماجی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔احمد مختارنے پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر شہید بی بی کے ساتھ کام کیا، وہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کا ستون تھے۔چوہدری احمد مختار کے انتقال سے جیالے اداس ہیں۔
انہوں نے انتخابات میں پنجاب کے بڑے مہروں کو شکست دی،چودھری احمد مختار پارٹی کا بے بدل اثاثہ تھے،احمد مختار ہر نشیب و فراز میں پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ۔پیپلزپارٹی آج ایک سچے جیالے سے محروم ہو گئی ہے ۔علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی
سید نیر حسین بخاری نے پارٹی کے سینئر راہنما چوہدری احمد مختار کے انتقال پر اظہار تعزیت و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری احمد مختار مرحوم پارٹی کے ثابت قدم راہنما تھے ۔ان کی پارٹی کے لئے خدمات تا دیر یاد رکھی جائینگی ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوںنے کہا کہ
نیر حسین بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن چوہدری احمد مختار مرحوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے چوہدری احمد مختار مرحوم کے انتقال پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعا لی چوہدری احمد مختار کو اپنے جوار رحمت میں
جگہہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے(امین) دریں اثنا وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے سابق وفاقی وزیر چودھری احمد مختار کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری احمد مختار صاحب کی وفات پر دلی رنج ہوا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور ان کے خاندان کو اس گھڑی میں صبر جمیل عطا فرمائے ۔