لاہور (آن لائن) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر جو دو روز قبل لندن میں شدید علالت کے بعد قضائے الٰہی سے انتقال کرگئی تھیں کی میت کو برٹش ایئر ویز کے پرواز کے ذریعے لاہور لایا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کی
تنظیم نے بیگم شمیم اختر کی میت لاہور بھیجنے کے لئے ایمرٹس اور قطر ایئر ویز سے بھی رابطہ قائم کیا تھا مگر برٹش ایئر ویز کی پرواز براہ راست لاہور آنے کی وجہ سے مذکورہ ایئرویز کو ترجیح دی گئی ہے۔ دریں اثنا سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر جو دو روز قبل لندن میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں تھیں کو جاتی امرا قبرستان میں ان کے شوہر میاں شریف اور بہو بیگم کلثوم نواز کی قبروں کے قریب سپرد خاک کیا جائے گا۔ بیگم شمیم اختر کی ایک نماز جنازہ لندن میں اور دوسری نماز جنازہ ان کی میت لاہور پہنچنے کے بعد شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔ امکان ہے کہ مولانا طارق جمیل مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائیں گے۔