لاہور( این این آئی)باغبانپورہ میں اغواء کے بعد قتل ہونے والی سات سالہ بچی نبیلہ کاچار بہنوں میں دوسرے نمبر تھا جبکہ اس کی والدہ یاسمین قوت گویائی سے محروم ہے ۔والد غفران محنت مزدوری کرکے بیوی بچوں کا پیٹ پالتاہے ۔یاسمین نے اشاروں سے بتایا کہ ملزم کو
ایسی دردناک موت دی جائے جیسے میری بچی کو دی گئی ،نبیلہ کی لاش گلی میں کوڑا پھینکنے والی جگہ سے ملی، بچی کا چہرہ خون سے لت پت اور چہرے پر ناخن اور دانت کے نشانات تھے۔ والدہ واقعہ کا بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں ۔ ممانی طیبہ کے مطابق ہمسایہ ملزم ندیم بچی کی تلاش بھی کرتا رہا، شک گزرنے پر ندیم کے گھر داخل ہوئے اس نے کمرے کا دروازہ نہ کھولا، ملزم ندیم ہمارا دور کا رشتہ دار ہے جس کی دو سال قبل شادی ہوئی اور ایک بچے کا باپ ہے۔ ممانی کے مطابق واقعہ کے وقت ملزم ندیم کی بیوی اور بچہ گھر پر موجود نہ تھے ،گزشتہ روز نبیلہ بازار سے تیل لینے گئی تھی، پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو ندیم کے گھر سے بچی کی جوتی اور تیل کی بوتل برآمد ہو گئی۔