اسلام آباد (این این آئی) جیو نیوز کے رپورٹرسینئر صحافی ارشد وحید چوہدری کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ارشد وحید چوہدری میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ اسلام آباد کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ دوران
علاج طبیعت زیادہ بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ہفتہ کو دارفانی سے کوچ کرگئے۔ارشد وحید چوہدری جیو نیوز کے سینئر رپورٹر تھے اور وہ پروگرام جیو پارلیمنٹ‘ کے اینکر بھی تھے جبکہ وہ پارلیمنٹ سے عوام کو خبروں کی آگاہی فراہم کرتے تھے۔ارشد وحید چوہدری نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے نائب صدر بھی تھے۔صحافتی حلقوں سے وابستہ متعدد افراد نے ارشد وحید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا کہ جیو نیوز کے باکمال رپورٹر اور ہمارے بھائی ارشد وحید چوہدری زندہ نہیں رہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔ڈان کے سابق ایڈیٹر عباس ناصر نے بھی ارشد وحید چوہدری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔سیاسی رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ارشد وحید کے انتقال پر کہا کہ بہت ہی تکلیف دہ اور افسوسناک خبر ہے۔مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی ارشد وحید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میدان صحافت کے درخشندہ ستارے اور نہایت نفیس انسان تھے۔انہوں نے کہا کہ ارشد وحید کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی-امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بھی رپورٹر ارشد وحید کی وفات پر بہت دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔