اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے شہر راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں نذر حسین نامی خواجہ سرا زمانے کی ٹھوکریں اور خاک چھاننے کے بعد اللہ تعالی کی طرف لوٹ آیا، نذر حسین نامی خواجہ سرا اپنے گھر میں محلے کے بچوں کو قرآن پاک پڑھاتا ہے اور انہیں اللہ تعالی
سے لو لگانے کی تلقین بھی کرتا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نذر حسین جس کا نام پہلے تجمہ تھا، نے جب اللہ تعالی سے لو لگائی تو اس کی کایا ہی پلٹ گئی، نذرحسین کا کہنا تھا کہ میں نے 40 سے 30 سال خواجہ سرا کی زندگی گزاری ہے، میرے پاس پیسہ تھا شہرت تھی لیکن سکون نہیں تھا جس پر میں نے اس پیشے کو ترک کردیا۔حاجی نذر حسین نے اپنی تمام زندگی ہی نہیں بلکہ اپنا مکان بھی راہ خدا کے لئے وقف کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے نفرت بھرے سلوک کا تو مجھے بعد میں سامنا کرنا پڑا لیکن پیدا ہوتے ہی مجھے اپنوں کی جدائی کا دکھ سہنا پڑا تھا۔خواجہ سرا نذر حسین کا مزید کہنا تھا کہ میرے گھر والے مجھے نہیں ملتے تھے لیکن میری ماں کبھی کبھی آکر مجھے چوری مل لیا کرتی تھی میری بہنیں بھی مجھ سے چوری چھپے ملا کرتی تھیں جب کہ میرے بھائی مجھ سے بالکل بھی نہیں ملتے تھے، لیکن جب سے میں نے اللہ تعالی سے لو لگائی ہے تب سے الحمدللہ مجھے سارے ملتے ہیں۔خواجہ سرا حاجی نذر حسین کا مزید کہنا تھا کہ وہ بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دے کر بہت ہی خوشی محسوس کرتے ہیں اور وہ باقی کی زندگی بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دے کر ہی گزارنا چاہتے ہیں۔