مظفرآباد(این این آئی) آزادکشمیر میں سیکرٹریٹ خوراک سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں 220روپے فی من اضافہ کردیا گیا جبکہ 10کلو تھیلے کے تول میں 2سے ڈھائی کلو کا فرق،عوام نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا،عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک آزادکشمیر مکمل طور پر فلاپ اور ناکام ہوچکی
ہے ،آئے روز آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور وزن کے تول میں بھی کمی افسوس ناک المیہ ہے ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر نوٹس لیں۔تفصیلات کے مطابق صدر آزادکشمیر کی جانب سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کے بعد محکمہ خوراک سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹفکیشن کے مطابق 42.75روپے فی کلو گرام آٹا کی قیمت مقرر کی گئی جبکہ 20کلو گرام فائن آٹا سیل پروڈکٹ 906روپے ،ٹوٹل میزانیہ 908،40کلو گرام فائن آٹا 1812روپے ٹوٹل میزانیہ1816روپے ،80کلو گرام فائن آٹا3640روپے ،8روپے قومی خزانے میں جبکہ ٹوٹل قیمت 3632روپے مقرر،20کلو گرام ہول سیل آٹا 861روپے سے ٹوٹل 863روپے میں مقرر کردیا گیا ہے ،اِس طرح ایک من آٹے میں 220روپے اضافے کے بعد عوام کی چیخیں نکل گئی،عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کی جانب سے جاری ہونے والے آٹے کی قیمتوں میں ایک طرف اضافہ جبکہ دوسری جانب آٹے کے وزن میں 2سے ڈھائی کلو کی کمی قابل افسوس ہے ،فوڈانسپکٹر کو ناپ تول کر آٹے کی سپلائی کرنی چاہیے،تاکہ آٹے کا وزن برابر ہو،عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی کا نظام بھی فوڈانسپکٹر کے حوالے کیا جائے تاکہ عوام کو سستے داموں چینی فروخت مل سکے ،عوام نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کا اعلان کریں اور 20کلو تھیلے کے تول میں آٹے کا وزن برابر کرنے کے علاوہ چینی بھی سستے داموں فروخت کی جائے بصورت دیگر عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائے گی۔