لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری اشرف علی انصاری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کے بعد بہت سے لوگ انہیں چھوڑ چکے ہیں، حکومت سے مطالبہ ہے کہ ایاز صادق اور ان کے بیان کی تائید
کرنے والے خرم دستگیر کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اپنے بھائی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز،ایاز صادق اور خرم دستگیر سمیت کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ ملک و قوم یا پاک فوج کو بدنام کریں، ایاز صادق کا بیان ان کے اندر کی غلاظت کی عکاسی کرتی ہے،پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ایاز صادق جیسے لوگوں کی اب یہاں کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے (ن) سے استعفیٰ دینے کے سوال پر کہاکہ انہوں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی وہ ہرگز استعفیٰ نہیں دینگے،اب نواز شریف کے خلاف مزید آوازیں اٹھ رہی ہیں۔اشرف انصاری کے بھائی یونس انصاری نے چیلنج کہ اب گوجرانوالہ (ن)لیگ کا قلعہ نہیں رہا۔ نواز شریف،شہباز شریف کوئی بھی انکے مقابلے میں وہاں آکر انتخاب لڑ لے،عوام اب پاکستان مخالف بیانیے پر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔