لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ ﷺ رحمت اللعالمین ہیں اور ان کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے میں
ہی اللہ کریم کی رضا ہے اور یہ ہمارے بہترین ذاتی، اجتماعی اور ملکی و قومی مفاد میں ہے۔ سردار الانبیا خاتم النبیینﷺ کے یوم ولادت پر انہوں نے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں اس موقع پر دنیاوی نفع و نقصان سے قطع نظر تحفظ ناموس رسالتﷺ کے عزم پر ڈٹ جانا چاہئے۔ انہوں نے ایک بار پھر مسلم امہ پر فرانس کے بائیکاٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرانس کے ساتھ تجارت میں کمی کی بجائے یہ دیکھے کہ وہاں رسول کریمﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی اور پھر اس پر صدر فرانس بھی ڈٹ گئے، مسلم امہ کا عشق رسولﷺ یہ اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اسے عملی طور پر ثابت کرنا ہو گا کہ ان کیلئے ناموس رسالتﷺ سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور وہ اس کیلئے مال و جان تو کیا اپنی اولاد کی قربانی کیلئے بھی تیار ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہمیں اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کو انفرادی اور اجتماعی طور پر عام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور دنیا باالخصوص اسلام فوبیا کے شکار لوگوں پر یہ واضح کرنا ہو گا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور پیغمبر اسلام خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا گیا ہے اور ان کے سچے پیروکار اور عاشق ہونے کی بناء پر سچا مسلمان امن و سلامتی پر یقین رکھتا ہے۔