اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )آبپارمیں تاجروں کا گستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ ۔ نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق تاجروں نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج ہیں۔
پولیس نے ڈپلومیٹک انکلیو کے سامنے سرینا چوک پر بھی کنٹنیر لگا کر راستہ بند کردیا۔ اس دوران مظاہرین نے سرینا چوک پر کنٹینر ہٹانے کی کوشش کی تو پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کے بعد رینجرز کی نفری بھی طلب کرلی گئی جب کہ ایمبولینسز بھی سرینا چوک کے قریب پہنچادی گئیں ہیں۔ واضح رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔