لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے ملک میں بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور دن بدن بگڑتی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ آج 40 فیصد
پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور زندگی کی بنیادی سہولتوں تک سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی بنیادی وجوہات میں آئی ایم ایف کی شرائط، ناقص معاشی اقدامات، حکومت کی غلط ترجیحات اور بھاری قرضہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت بچانے، غربت گھٹانے اور مہنگائی مٹانے پر صرف بیان نہیں دھیان بھی دے تاکہ یہ مسائل حل ہوں، معیشت بہتر ہو اور عام آدمی غربت کی بجائے خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو، ملک پر بڑھتے ہوئے قرضوں میں کمی آئے، مہنگائی میں روز بروز جو اضافہ ہو رہا ہے اس پر قابو پایا جائے۔