لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ دسمبر کا لاہور کا جلسہ آخری معرکہ ہوگا اور اگر لاہوریے شریک ہوئے تو لانگ مارچ کی ضرورت ہو گی اور نہ گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کی ضرورت ہو گی،پوری ریاست کی قوت نوازشریف
کے پیچھے لگا دی گئی لیکن پھر بھی اکٹھے بیٹھے لرز رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”ووٹ کو عزت دو پاسبان“بننے والے پی پی 147 کے کارکنان کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ جس دہشتگردی کو محنت سے ختم کیا گیا وہ دوبارہ شروع ہو گئی ہے،ملک کو نالائقی اور ووٹ چوری کے تحفے سے ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کا وقت آ گیاہے،میدان میں اترنے کا وقت آ گیاہے،12یا13دسمبر کو لاہور میں آخری جلسہ ہوگا،پی ڈی ایم کو پتہ ہے لاہور کا جلسہ فیصلہ کن ہوگا،لاہور کا جلسہ آخری معرکہ ہوگا،اگر لاہوریے شریک ہوئے تو لانگ مارچ اور نہ گرتی ہوئی دیوار کو آخری دھکے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور نے زور لگا دیا تو حکومت نظر نہیں آئے گی،لاہوریے جب بولیں گے تو پاکستان کو سننا پڑے گا،لاہور بولتا ہے تو پورا پاکستان سنتاہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے، لیکن آج ملک کے کونے کونے میں نوازشریف نظر آرہا ہے،پوری ریاست کی قوت نوازشریف کے پیچھے لگا دی گئی لیکن پھر بھی اکٹھے بیٹھے لرز رہے ہیں،نوازشریف اور ووٹ کی لاج رکھنے کا وقت آ گیاہے،نوازشریف کے بیانیے کو گھر گھر پہنچانے کا وقت آ گیا ہے۔