کوئٹہ( این این آئی)ساوتھ بلوچستان میں اربوں روپے کی لاگت سے 24ڈیمز زیر تعمیر ہیں جن پر 60سے 65فیصد کام مکمل کرلیاگیا ہے ،ڈیموں کی تعمیر کے معیاراور کوالٹی پرکسی بھی قسم کاکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔یہ بات پروجیکٹ انجینئر 100ڈیمز ساوتھ انجینئرمحمد ابراہیم مینگل نے
منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ ساوتھ بلوچستان کے علاقوں ،واشک ،آواران اوردیگر میں اربوں روپے کی لاگت سے وفاقی حکومت کے فنڈز سے پیکج تھری کے تحت 24ڈیمز پر کام جاری ہے ان ڈیمز پر60سے 65فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ان میں سے کچھ ڈیم دسمبر2020اور بقیہ انشاء اللہ جون 2021تک مکمل کرلئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کمی کے باعث کام سست روی کا شکار تھا تاہم رواں سال ان ڈیمز کیلئے وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم کئے ہیں جس کے بعد ان ڈیمز پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیکج فور کے تحت بھی ساوتھ بلوچستان میں 20ڈیمز تعمیر کئے جائیں گے۔