لاہور( این این آئی )چیئرمین نیب سے لاہور کے سرکاری سکولوں میں میرٹ کیخلاف بھرتیوں کانوٹس لینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ۔ مسلم لیگ(ن)کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد
کے متن میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے 105 سکولوں میں درجہ چہارم کی بھرتیاں میرٹ کیخلاف ہونے کا انکشاف ہوا ہے،سینکڑوں درخواستیں مسترد کر کے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے حلقہ پی پی 159 سے بھرتیاں کی گئیں، وزیراعظم پورٹل پر سینکڑوں شکایات کے باوجود کسی ایک امیدوار کی بھی شنوائی نہیں ہوسکی،سکول سربراہان نے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے دبائو پر امیدواروں کی میرٹ لسٹ بھی آویزاں نہیںکی،پی ٹی آئی حکومت میں بھی میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،درجہ چہارم کی بھرتی کے عوض غریبوں سے لاکھوں روپے بٹورے گئے۔مطالبہ ہے کہ چیئرمین نیب لاہور کے 105سکولوں میں میرٹ کیخلاف بھرتیوں کا نوٹس لیں ۔