اسلام آباد (این این آئی) نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تحویل ملزمان کے معاہدے پر کام کرنے پہ رضامند ہوگیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انتہائی ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات پر رضا مندی کا
اظہار وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کی برطانیہ کے ہائی کمشنر سے ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے برطانوی ہائی کمشنر کرسٹین ٹرنر کا خیرمقدم کیا۔ دونوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہونے والی بات چیت میں ری ایڈمیشن ایگریمینٹ اورایکسٹراڈیشن ٹریٹی کے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں معاہدوں سے متعلق بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ معاہدوں پر جلد عمل درآمد کے لیے پاکستان اور برطانیہ کی حکومتیں مل کر کام کریں گی۔