لاہور( این این آئی)حکومت شہری آبادی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے حل کیلئے رواں مالی سال کے دوران منصوبہ بندی اور تعمیرات کے شعبے کے پروگراموں پر 18ارب روپے خرچ کرے گی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوبی ایشیا ء میں پاکستان کی شہری آبادی میں اضافے کی
شرح سب سے زیادہ ہے اور 2017ء کی مردم شماری کے مطابق 1998سے 2017ء کے دوران شہری آبادی 32.52 فیصد سے بڑھ کر36.38 فیصد ہوگئی ہے۔وفاقی حکومت نے تعمیرات اورز راعت کے شعبوں کیلئے ا مدادی پیکیج اور نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت 30 ارب روپے کی اعانت کا بھی اعلان کیا ہے۔ صوبائی حکومتوں نے بھی پسماندہ لوگوں کیلئے امدادی پیکیج اور ٹیکسوں میں استثنیٰ کا اعلان کیا ہے۔عوام کیلئے 50لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے وزیراعظم کے پروگرام کو چلانے کیلئے نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تعمیرات کی صنعت کیلئے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان بھی کیا گیاہے۔