اسلام آباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے ٹک ٹاک پر سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی، جس کے بعد سے عوام کی طرف سے مختلف قسم کا ردعمل دیکھنے
میں آیا ہے،اس حوالے سے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور امریکا نے چین کے خلاف بطور پابندی اقدام ٹک ٹاک پر پابندی لگائی جس کی وہ مذمت کرتے ہیں،انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان میں ٹک ٹال پر کیوں پابندی لگائی؟ ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔۔یاد رہے کہ پی ٹی اے نے ملک بھر میں ٹک ٹاک اپلیکیشن بلاک کردی، اس حوالے سے پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو متعدد بار خط لکھ کر قابل اعتراض اور نامناسب مواد ہٹانے گیا ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جس کے بعد پاکستان میں ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کو جواب جمع کرانے کی مہلت دی گئی تھی، تاہم شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر ٹک ٹاک پرپابندی لگائی گئی، اس سلسلے میں پی ٹی اے کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں ایپ کو بند کرنے کے بارے میں تحریر کیا گیا تھا، واضح رہے کہ پی ٹی اے نے کئی موبائل اور سوشل میڈیا ایپس پر غیر اخلاقی مواد پھیلائے جانے کی شکایات کے بعد ایکشن لیا تھا۔