لاہور( این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کی ممکنہ گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کر دئیے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کو خدشہ ہے کہ مریم نواز کو جلسے جلوسوں کی قیادت سے روکنے
کے لئے 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ رکن اسمبلی مرزا جاوید کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کارکنان جاتی امرا ء کے مرکزی دروازے پر حفاظتی کیمپ لگائیں گے ۔ اس سلسلہ میں کارکنوںکو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا ہے کہ مشکلات کا سفر پہلی مرتبہ طے نہیں کررہے، پہلے بھی ایسا وقت دیکھا ہے۔حق کے راستے میں مشکلات آتی ہیں، میں نے پہلے بھی قیمت ادا کی ہے، میرے والد کے سامنے مجھے گرفتار کیا، مجھے خوف نہیں ہے، میں گرفتار ہوجائوں گی لیکن سیاہی آپ کے چہرے پر لگے گی، جب لوگ پوچھیں گے کیوں گرفتار کیا؟ نواز شریف لندن سے بیٹھ کر قیادت کریں گے، مریم نواز گرفتار ہوگی، شاہد خاقان عباسی آجائے گا، رانا ثنا اللہ ، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید اور کارکنان ہوں گے، مسلم لیگ ن کے پاس کارکنوں کی کمی نہیں ہے، ہم نے ملک کے تحفظ کے ایجنڈے کی قسم کھائی ہے۔