ٹوبہ ٹیک سنگھ(آن لائن) ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں ،مارکیٹ کمیٹی افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہوگئے ،صارفین کو گراں
فروشوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سبزی و پھل منڈی سے لیکر عام مارکیٹ اور بازارمیں سبزی و پھل کی دکانوں سمیت ریڑھی چھابڑیوں پر بھی سبزیاں اور پھل مقررہ کردہ سرکاری قیمت کی بجائے من مرضی کے نرخوں پر فروخت کئے جارہے ہیں ،صارفین اگر دکانداروں سے نرخ نامہ طلب کرتے ہیں ،تو تکرار اور لڑائی جھگڑا معمول بن چکا ہے ،جبکہ غیر معیاری گلی سڑی سبزیاں اور پھلوں کی فروخت بھی سرعام جاری ہے ،سبزی منڈی میں آڑھتی اور مڈل مین گٹھ جوڑ کے باعث اشیاء کی دو ،دو مرتبہ فروخت سے قیمتیں بے تحاشہ بڑھ رہی ہیں ،مجلس رفاہ عامہ رجسٹرڈ کے صدر حافظ حفیظ الرحمن اور شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ عمر جاوید سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سبزیوں و پھلوں سمیت اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا فوری نوٹس لیں ،اور صارفین کو سرکاری مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کئے جائیں ۔