اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اب ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا تو وہ سابقہ نقصانات کے ریکارڈ توڑ دے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ سیاست صرف ٹی وی پر ہے، میں بھی آج سے ٹوئٹ کرنا
شروع ہوجاؤں گا، مجھ سے بڑی سیاست ٹی وی پر اور کوئی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ منتخب سول حکومت کے ساتھ ہے، عمران خان کرپشن کے علاوہ ہر ایشو پر اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں۔سربراہ جے یو آئی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ فضل الرحمان میرے بھائی ہیں، اگر وہ فوج سے ملے ہیں تو اس میں کس بات کی شرم ہے؟ میں فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو کر شہید ہونے کو تیار ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں جنرل باجوہ سے سیاست دانوں کی ہونے والی ملاقاتوں کی گفتگو کو اب ختم کرنا چاہتا ہوں، اگر کسی نے کچھ کہا تو میں اس کا بھرپور جواب دوں گا، اگر اب جمہوریت کونقصان پہنچا تو وہ سابقہ نقصانات کے ریکارڈ توڑ دے گا۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے فون ڈیٹا لیک کرنے سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ فون ڈیٹا لیک کرنے کی بات موجودہ دور کی نہیں، پرویز مشرف کے دور کی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے لندن جانے کے معاملے پر میرا موقف تھا کہ جاتا ہے تو جائے۔