لاہور( آن لائن )پنجاب پولیس نے لاہور سیالکوٹ موٹروے کا کنٹرول سنبھال لیا ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب انعام غنی کی طرف سے مشترکہ ٹیموں کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر گشت کرنے کا کا حکم دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں 250 پولیس اہلکارلاہور سیالکوٹ موٹر وے پر پٹرولنگ اورسیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے
۔یاد رہے کہ موٹر وے پر آئے روز ڈکیتی اور دوسرے جرائم کی وارداتیں پیش آنے کی اطلاعات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ۔ جہاں جمعرات اور جمعے کی درمیان رات بھی لاہور اسلام آباد موٹروے پر ڈاکوں نے ناکہ لگا کر کئی مسافروں کو لوٹ لیا تھا ، مسافروں نے موٹر وے پولیس کو اطلاع دی جس پر کوئی رد عمل نہ آیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے پر ایک اور بھیانک واردات سامنے آ گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکوں نے موٹروے پر ناکہ لگا کر کئی شہریوں کو لوٹ لیا ۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شیخوپورہ سے 3 کلومیٹر دور پیش آیا جہاں ڈاکوں نے سڑک پر درخت گرا کر اسے بلاک کیا ہوا تھا۔ جب راہ گیر سڑک پر موجود درخت ہٹانے کے لیے گاڑیوں سے اترتے تو ملزمان ان کو لوٹنا شروع کر دیتے تھے۔ ڈاکو گاڑیوں کے ٹائروں پر فائرنگ کرتے اور مسافروں سے لوٹ مار کرتے رہے لیکن موٹروے پولیس مدد کو نہ پہنچ سکی۔اس واقعہ کے دوران بھی موٹروے پولیس کا رویہ پہلے جیسا ہی رہا اور جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافروں نے موٹروے پولیس کو اطلاع بھی دی جس پر ان کا کوئی رد عمل سامنے نہ آیا۔ اس بھیانک واردات کا اختتام ڈرامائی انداز میں اس وقت ہوا جب وہاں پر اچانک ایمبولینس آگئی ، ایمبولینس کو پولیس کی گاڑی سمجھ کر ملزمان رفو چکر ہو گئے۔