لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوسالہ دور حکومت میں جرائم میں اضافہ ہوا ۔ حکمرانوں کی نااہلی سے عوام کی عزت بھی محفوظ نہیں ۔ وزیراعظم جواب دیں بڑھی ہوئی اخلاقی بے راہ روی اور زیادتی کے کیسز میں اضافے کا ذمہ دار کون ہے؟۔ حکومت نے احتساب کو تماشا بنادیاہے ۔ وزیراعظم خود کو احتساب کے لیے پیش کرتے
ہیں نہ اپنے ارد گرد موجود لوگوں کا محاسبہ کرتے ہیں ۔ وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ ان کے ارد گرد مافیاز موجود ہیں مگر یہ نہیں بتاتے کہ ان مافیاز کو وہ اپنے قریب بیٹھنے کا موقع کیوں دیتے ہیں۔ سودی نظام نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔ ہمیں مشترکہ طور پر سودی نظام کے خلاف ایک منظم تحریک چلانے کی ضرورت ہے ۔اس سلسلہ میں پاکستان کے علماء و مشائخ کو خانقاہوں سے باہر نکلنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی چیئرمین پاکستان مشائخ کونسل کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ مشائخ پاکستان و آستانہ عالیہ غوثیہ قادریہ نارووال کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔استقبالیہ سے پیر سیف اللہ خالد اور میاں مقصود احمد ، صدر علماء و مشائخ رابطہ کونسل نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کہا کہ اس وقت پوری امت مشکل میں پھنسی ہوئی ہے ۔ انڈیا نے کشمیر کو اپنا حصہ قرار دیکر 12 لاکھ سے زائد ہندوئوں کو مقبوضہ کشمیرکے رہائشی سرٹیفکیٹ لاکر مودی مسلمانوں کو اقلیت قرار دینے کی سازش میں مصروف ہے ۔ دوسری طرف اسرائیل فلسطین پر قبضہ جمائے بیٹھا ہے ، وہاں کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد کیا جارہا ہے ۔ہمارے لئے یہ کتنی بے شرمی والی بات ہے کہ دن دیہاڑے موٹروے پر ایک خاتون کی عصمت دری کی گئی، کہاں ہے ہمارا قانون ۔ اس کرپٹ اور فرسودہ نظام نے
ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا، یہ جمہوریت نہیں بدمعاشی ہے، ہم ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ اس موقع پر مرکزی چیئرمین علماء و مشائخ پیر سیف اللہ خالد گیلانی نے سینیٹر سراج الحق کی آمدپران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان شاء اللہ نظام مصطفیﷺ
کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمہ کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلیں گے ۔ ہم نظریہ پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں ، علماء کرام اس میں بھرپور حصہ لیں۔ اس موقع پر چوہدری نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ رابطہ سیکرٹری جماعت اسلامی علماء و مشائخ ونگ نارووال،صوفی محمد اقبال امیر جماعت اسلامی ضلع نارووال، سابق امیر
جماعت اسلامی انوار الحق بٹ، احسن عدیل تتلہ ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی سٹی نارووال ،چوہدری صادق تتلہ ایڈووکیٹ و دیگر علماء کرام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بعدازاں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الراحہ میڈیکل سنٹر کا دورہ بھی کیا اور وہاں پر موجود مریضوں کی خیریت دریافت کی اورانکے لیے صحت یابی کی خصوصی دعاکی۔