لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت کے مالی بحران اور محکمہ تعلیم پنجاب کی سست روی کے باعث کرائے کی عمارتوں میں 100 سکول کھولنے کا منصوبہ ٹھپ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرائے کی
عمارتوں میں 100 سکول کھولنے کا فیصلہ کیا تھا اور ان سکولوں میں تعلیم و تدریس کا عمل یکم اپریل 2020ء کو شروع کیا جانا تھا۔ لیکن پنجاب اپنے مالی بحران اور سست روی کے باعث سکولوں کے قیام کے لئے 50 فیصد کرائے کی عمارتیں بھی حاصل نہ کرسکی۔ جس کی وجہ کرائے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کا سخت ہونا بھی بتایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے اب تک جو کرائے کی عمارتیں حاصل کیں۔ ان کے کرائے بھی ادا نہیں کئے۔ جس کی وجہ سے عمارتوں کے مالکان کرائے کے حصول کے لئے محکمہ تعلیم پنجاب کے چکر لگا لگا کر تھک ہار گئے ہیں۔ عمارتوں کے مالکان نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی عمارتوں کی مد میں کرائے ادا کئے جائیں یا پھر عمارتیں خالی کردی جائیں جبکہ پنجاب حکومت نے مذکورہ منصوبے کو زندہ رکھنے کے لئے اب دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔