اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہور میں آج دوپہر سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گا ، وقفے وقفے سے دو روز تک بارش ہونے کا امکان ہے ، آج درمیانی اور جمعہ کو تیز بارش ہونے کاامکان ہے ۔دوسر ی جانب بارشوں سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے ۔
صوابی کے علاقے موسیٰ بانڈہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے اور حادثے میں مزید دو افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔دوسری جانب پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق ہوئے ، مختلف واقعات میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر 110 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ، بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 13 گھروں مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور فعال ہے۔