اسلام آباد (این این آئی)ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے پانچ علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا،میٹر وپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے تمام ذیلی دفاتر کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ،ایم سی آئی کے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ،عملے کو 24گھنٹے دفاتر میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا ادھر ترجمان واسا کے مطابق محکمہ موسمیات نے
آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی ہے ،موسلادھار بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر واسا راولپنڈی میں ہائی الرٹ ہے ۔ ایم ڈی واسا رالپنڈی کے مطابق تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی،شہر کے نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ تعینات کر دیا گیا ، مسلم ٹائون صادق آباد، آ ریہ محلہ ندیم کالونی، کمیٹی چوک انڈر پاس ،یورالوجی ہسپتال مری روڈ اور فیض آباد انٹرچینج پر ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ۔ ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی جا رہی ہے،کسی بھی قسم کی سیلابی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہیں۔انہوںنے شہریوں سے بارش کے دوران غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے پول سے دور رہیںادھر میئر اسلام آباد نے حکم دیاکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تین شفٹوں میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ ایم سی آئی اعلایمہ کے مطابق غوری ٹائون فیز5، سواں گارڈن، آئی 8 اور آ ئی 9 میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے ، نالہ کورنگ کے اطراف آبادیوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے،اسلام آباد میں قائم کچی آبادیوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے،اعلامیہ کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ۔اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد میں سیلابی صورتحال سے بچنے کیلئے 12 ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں، ریلیف کیمپس اسلام آباد کے 12 سرکاری سکولوں میں قائم کیے گئے، تیز بارش کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔