کراچی(این این آئی)سندھ کے 8 لاکھ طلبہ کو اگلی کلاسوں میں پرموٹ کردیاگیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس سلسلے میں بل پر دستخط کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بغیر امتحانات کے پروموٹ کرنے کے بل پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے بعد ترمیمی بل ایکٹ کا حصہ بن گیاہے۔اس سلسلے میں سندھ کی صوبائی اسمبلی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے،
جس کے مطابق سندھ کے 8 لاکھ طلبہ اب اگلی کلاسوں میں پرموٹ ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ سندھ اسمبلی میں کثرت رائے سے یہ ترمیمی بل منظور کیا گیا تھا، بل کے تحت تعلیمی بورڈز کے قوانین میں ترمیم کی گئی تھی، ان میں سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور سندھ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن شامل تھے۔تعلیمی بورڈز کے قوانین میں ترمیمی ایکٹ کے مطابق تعلیمی بورڈز کو اختیار ہے کہ طلبہ کو بغیر کسی امتحان کے پروموٹ کر سکتا ہے، تاہم اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ طلبہ کو بغیر کسی امتحان کے پروموٹ وبا یا عالمگیر وبا کی صورت میں ایمرجنسی نافذ ہونے پر کیا جا سکتا ہے۔ترمیمی ایکٹ میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کا پروموشن حکومت کی جانب سے جاری کر دہ پالیسی کے تحت ہوگا، یہ بل یکم جون سے نافذ العمل سمجھا جائے گا۔یاد رہے کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے 16 مئی کو تجویز دی تھی کہ اسکول، کالجز کے امتحانات عالمگیر وبا کی صورت میں ممکن نہیں ہیں، اس لیے حکومت کی پالیسی کے تحت طلبہ کو پروموٹ کیا جائے۔چوں کہ تعلیمی بورڈز کے موجودہ قانون میں بغیر امتحانات کے پروموٹ کرنے کی گنجائش نہیں تھی اس لیے اس میں ترمیم کی گئی۔ سندھ کے 8 لاکھ طلبہ کو اگلی کلاسوں میں پرموٹ کردیاگیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس سلسلے میں بل پر دستخط کر دیئے۔