اسلام آباد(این این آئی) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی اپنی اتحادی سیاسی جماعتوں سمیت 19 پارٹیوں کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن نے پولیٹیکل فنانس ونگ سے متعلقہ سیاسی جماعتوں کے گوشواروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔
تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہاکہ بہت ساری سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں اور آڈٹ رپورٹس میں تضاد ہے۔ انہوںنے کہاکہ کچھ سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات 2018 کے بعد تاحال مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی۔وکیل شاہ خاور نے کہاکہ چند سیاسی جماعتوں نے آڈٹ کے بغیر مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائی۔الیکشن کمیشن نے پولیٹیکل فنانس ونگ سے متعلقہ سیاسی جماعتوں کے گوشواروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے کچھ افسران غیر حاضر ہیں،پولیٹیکل فنانس ونگ کی رپورٹ دیکھ کر سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کریں گے۔الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے اپنی اتحادی سیاسی جماعتوں سمیت 19 سیاسی جماعتوں کے مالی گوشواروں کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخوارست کے مطابق مسلم لیگ (ق )،ایم کیو ایم پاکستان،بلوچستان عوامی پارٹی،جی ڈی اے، عوامی مسلم لیگ کے گوشواروں میں تضاد ہے،ن لیگ،پی پی پی، ایم ایم اے، اے این پی ،جماعت اسلامی اور جمیعت علمائے اسلام کے گوشواروں میں بھی تضاد ہے۔