کراچی(این این آئی)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر قائد میں24 گھنٹوں میں کئے جانے والے جرائم کے حوالے ایک تجزیاتی رپورٹ تیار کی ہے ،رپورٹ کو گیم آف کرائم کا نام دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری چوری اور
ڈکیتی کی ہوشربا وارداتوں کے اعداد و شمار پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک منفرد تجزیاتی رپورٹ تیار کی ہے جسے دی گیم آف کرائم کا نام دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کس وقت جرم کی نہج کیا ہوتی ہے، شہریوں کے لئے کونسا وقت نقصان دہ اور کونسا زیادہ نقصان دہ ہوتا ہے، رپورٹ میں ہر گھنٹے کے جرائم کی شرح بیان کی گئی ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعداد وشمار پر بنائی گئی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق صبح 6بجے کے بعد سے شہر میں جرائم کی شرح بڑھنا شروع ہوتی ہے، دن 12 سے دوپہر 2 بجے تک جرائم کی شرح اپنے عروج پر ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق شام 4سے 7کے درمیان جرائم کی شرح میں معمولی سی کمی آتی ہے، شام 7کے بعد شہر کراچی میں جرائم کی شرح اپنی نہج پرپہنچ جاتی ہے جبکہ رات 9سے 1 بجے شب کے درمیان جرم اپنی تمام حدیں پار کرجاتا ہے۔شہر کراچی میں رات 1بجے کے بعد جرائم کی شرح کم ہونا شروع ہوتی ہے، رات 3 سے صبح 6بجے تک جرائم کی شرح انتہائی کم نوٹ کی گئی ہے۔