کراچی(این این آئی) پی آئی اے کی پرواز میں کورونا پازیٹو مسافروں کی موجود گی پر کھلبلی مچ گئی، کینیڈین حکام نے پی آئی اے کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو پرواز میں کورونا پازیٹو مسافروں کا انکشاف ہوا ہے، مذکورہ انکشاف کینیڈین پبلک ہیلتھ ایجنسی کی پی آئی اے حکام کو کی گئی ای میل میں کیا گیا۔ای میل کے متن میں لکھا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز783پر کورونا پازیٹو
مسافروں کا تعلق نشست نمبر22تا28سے تھا، پی آئی اے ٹورنٹو اسٹیشن عملے نے ایئرلائن حکام کو آگاہ کردیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکام نے پی آئی اے کیلئے کورونا سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، پی آئی اے نے کینیڈا جانے والے مسافروں کے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے۔پی آئی اے انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کینیڈا جانے والے مسافروں کو پرواز سے3دن قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوں گے۔