لاہور( این این آئی)محکمہ موسمیات نے اگست میں زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ترجمان محکمہ مو سمیات اختر محمود کا کہنا ہے کہ جولائی کے رواں ہفتے میں بارشیں نسبتاًًکم ہیں جس کی وجہ سے صوبہ پنجاب کے دریائوں چناب، راوی اور ستلج میں سیلاب کے امکانات کم ہیں، اگست میں داخل ہونے والے سسٹم میں بارشیں زیادہ ہوں گی جس کی وجہ سے نچلے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔
جولائی میں ہونے والی مون سون کی بارشوں کی وجہ سے اگست میں بارشوں سے پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی سیلاب کی وارننگ نہیں بلکہ الرٹ جاری کیا گیا ہے تاہم اگست میں سیلاب کے بارے میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی، مون سون کا سلسلہ عموماً ستمبر کے وسط تک ختم ہو جاتا ہے تاہم کبھی کبھار یہ ستمبر کے آخر تک بھی چلا جاتا ہے۔