اسلام آبا د (این این آئی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ تمام مسالک کے لئے ایک اردو ترجمہ والے متفقہ قرآن حکیم کی اشاعت کیلئے کوشاں ہیں مسلمانوں نے جب بھی قرآن حکیم کی طرف رجوع کیا فلاح پائی قیامت تک آنے والی انسانیت اس مینارہ نور سے روشنی حاصل کرتی رہے گی۔ اسلام آباد میں سفا گولڈ مال میں منعقدہ قرآن پاک کے تاریخی اور نادر قلمی نسخوں کی زیارت کے لئے منعقدہ نمائش کے دورہ اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن حکیم کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے۔آج مسلمان قرآن کی طرف لوٹ رہے ہیں
کیونکہ یہ کلام اللہ اورکتاب ہدایت ہے۔مسلمان جب بھی قرآن کی طرف لوٹے ترقی حاصل کی۔انہوں نے نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے حکومت اسلام آباد میں ایک قرآن کمپلیکس قائم کرنا چاہتی ہے۔ضعیف قرآنی اوراق کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قرآن پاک کی اشاعت کی جائے گی۔اخباری پیپر والے کاغذ پر قرآن پاک کی اشاعت پر پابندی لگائی ہے۔ اس کے لئے ایک خاص وزن اور معیار ی کاغذ لازمی کررہے ہیں۔ تمام مسالک کے لئے ایک اردو ترجمے والا قرآن پاک کا متفقہ ترجمہ شائع کرنے کی کوشش ہے۔