لاہور(این این آئی)امریکہ، یورپی یونین، یوکے کے بعد افریقی ائیرلائینز نے بھی پاکستان سے پائلٹس کے مشکوک لائسنسوں کے حوالے سے وضاحت طلب کر لی۔ ایتھوپین ائیرلائن انتظامیہ نے پاکستانی پائلٹوں کی اسناد اور لائسنس سے متعلق تفصیلات طلب کی ہیں۔ایتھوپین ائیرلائن انتظامیہ نے وزارت خارجہ اور سی اے اے حکام کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پائلٹوں کے مشتبہ لائسنسز کی اطلاعات سے دنیا بھر کی طرح ایتھوپیا میں بھی تشویش پیدا ہوئی ہے،ایتھوپین ائیرلائن میں 5 پاکستانی پائلٹ کام کررہے ہیں،پائلٹس میں میاں طاہر ریحان، شہزاد عزیز، محمد جمیل،
انعام اللہ جان اور محمد سہیل شامل،پانچوں پائلٹ گزشتہ ایک سال سے ایتھوپین ائیرلائن میں بطور کپتان خدمات سرانجام دے رہے ہیں،مشتبہ لائسنس کے حوالے سے ائیرلائن سی ای او کی پاکستانی پائلٹس سے میٹنگ ہوئی،میٹنگ میں پائلٹس کی نوکریاں لائسنس اور اسناد کی تصدیق سے مشروط کی گئی ہیں،پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پانچوں پائلٹس کی اسناد اور لائسنس کے اصلی یا جعلی ہونے سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کرے۔خط کے متن میں کہاگیا ہے کہ پاکستانی سی اے اے سے لائسنز ہولڈر پائلٹس 30سال تک پی آئی اے میں بھی کام کرتے رہے ہیں۔