لاہور( این این آئی) پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کی انتظامیہ نے کراچی میں طیارے کے حادثے میں شہید ہونے والوں کا سامان ان کے لواحقین کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، نقدی ،جیولری سمیت ہر طرح کا سامان شناختی کارڈ دکھانے اور جانچ پڑتال کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے
11سے13جولائی تک پی آئی اے ٹریننگ سنٹر میں لواحقین میں سامان کی واپسی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا جس کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ سے چند منٹ قبل آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔طیارے میں موجود دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے جبکہ عملے سمیت باقی تمام مسافر شہید ہو گئے تھے۔