کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ایک انٹرویو میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے پہلے جو دوستوں سے گفتگو کی وہ ریکارڈ ہوگئی۔
غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر آفاق احمد سے معذرت کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ اگر آفاق احمد ایم کیو ایم پاکستان میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، شہر کی بہتری کیلئے کام کرنے والی دیگر جماعتیں اور شخصیات بھی اگر ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہیں تو ان کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں۔عامر خان نے کہاکہ 22اگست کے بعد پالیسیاں تبدیل ہوئیں، اب ہم سیاسی اختلاف کے باوجود بھی مخالفین سے ملاقاتیں کرتے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر ہم کسی کے ساتھ سیاسی انتشار نہیں چاہتے۔عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم کسی سے بھی ہونے والے اختلافات کو دشمنی کی صورت تبدیل نہیں کرسکتے، کراچی کیلئے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ مغرب کی نماز کے بعد جیل بیرک کے دروازے بند ہوجاتے ہیں، رات10 بجے جیل بیرک کا دروازہ کھلے تو اگلے دن سب قیدیوں کو وجہ معلوم ہوجاتی ہے، میں ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی پیسے کی لین دین کا عینی شاہد تو نہیں ہوں تاہم جیل میں موجود لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان پیسوں کا لین دین ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ جیل میں لوگوں نے کہا ذوالفقار مرزا آئے اور انہوں نے آفاق احمد سے ملاقات کی، میرے علم میں ذوالفقارمرزا اور آفاق احمدکی ایک بار ملاقات ہوئی ، جیل سے ملنے والی معلومات کے مطابق دونوں کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں۔