لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نیب، تحقیقاتی و احتسابی اداروں نے آلِ شریف کے خلاف کرپشن کے ڈھیروں ثبوت پیش کر دیئے ہیں لیکن ’’سوال گندم جواب چنا‘‘کے مصداق (ن)لیگی ترجمانوں کو اپنی قیادت کے خلاف کرپشن الزامات کے جواب میں وزیر اعظم عمران خان میں نقص اور عیب نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ (ن)لیگی ترجمانوں کا نیب نیازی گٹھ جوڑ کا واویلا ’’کھوتا مریا کھاریاں تو سوگ وزیر آباد‘‘ کے مترادف ہے۔ لیگی قائدین
اپنے گریبان میں جھانکنے کی بجائے ’’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘‘کی روش پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنا، دھیلا، روپیہ اور پائی کا راگ الاپنے والے ابھی تک اپنی کرپشن، بددیانتی، اقربا پروری کے خلاف اور اپنی بے گناہی کے حق میں ایک بھی ثبوت نہیں لا سکے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کے ٹھوس شواہد کے سامنے لیگی ترجمانی کے زبانی جمع خرچ کی کوئی وقعت نہیں۔ آلِ شریف کی کرپشن کا احوال پاکستان کے بچوں سے لے کر بوڑھوں تک ہر ایک کو پتہ ہے۔