لاہور،کراچی ( این این آئی)ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک میں تشخیصی کٹس کی کوئی قلت نہیں ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی تقریباً 8لاکھ تشخیصی کٹس دستیاب ہیں،ملک بھر میں پچاس لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں جبکہ اس ماہ کے آخر میں ہر ڈویژن اور ضلع میں مزید18لیبارٹریاں فعال ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے صوبوں کو طبی آلات فراہم کرنے کیلئے انتظامات کر رہی ہے اور کورونا وائرس کی وبا ء پھیلنے کے بعد سے اب تک 8لاکھ 50ہزار تشخیصی کٹس خریدی گئی ہیں۔دوسری جانب نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈڈیزیزکے سربراہ ڈاکٹرطاہرشمسی نے کہا ہے کہ صحت یاب مریض کا پلازمہ دیگر صوبوں کو بھی دینے کو تیار ہیں ، لاہور،پشاور اور سکھرمیں رواں ہفتے پلازمہ کی کلیکشن شروع ہوجائیگی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے ،صحت یاب مریض کا پلازمہ دیگر صوبوں کو بھی دینے کو تیار ہیں، امید ہے اسی ہفتے لاہور،پشاور، سکھر سے بھی پلازمہ کی کلیکشن شروع ہوجائیگی۔ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ کوروناسے صحت یاب افرادکی جانب سے پلازمہ کے عطیات میں اضافہ ہورہاہے، اس وقت پوریپاکستان میں کوئی بھی ڈاکٹر اپنے کوروناکے مریض کو اس پروگرام میں رجسٹر کروانا چاہے ہم پلازمہ فراہم کریں گے۔انھوں نے کہا کہ صحت یاب مریض پلازمہ ڈونیٹ کرنے کیلئے ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں، دو یا 3ہفتے بعد صحت یاب مریض پلازمہ دینے کے قابل ہوجائیں گے ، پلازمہ دینے کیلئے رابطہ کرنیوالوں کو وقت اورتاریخ دی جائیگی، صحت یاب مریض کراچی،جامشورو آکر بھی پلازمہ دے سکتے ہیں۔ماہر امراض خون نے بتایا کہ امریکی ادارے نے پیسیوامیونائزیشن کورجسٹرکرلیا، سندھ میں صحتیاب مریضوں کے پلازمہ میں کورونانہیں ملا، ایف ڈی اے کو پلازمہ تکنیک رجسٹریشن کیلئے بھیجی تھی ، پلازمہ سے علاج کا کلینکل ٹرائل پروٹوکول رجسٹرکرلیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پلازمہ تکنیک پروٹوکول سے عالمی ادارہ صحت کومطلع کردیا، عالمی،ملکی سطح پرمنظوری کے بعدکلینکل ٹرائل شروع ہوگا جبکہ صحتیاب افرادکے پلازمہ پرریسرچ مکمل کرلی ہے۔