اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے پی ایم ڈی سی کیس تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے رجسٹرار پی ایم ڈی سی کی عہدے پر بحالی کا حکم کالعدم قرار دیدیا ۔ جمعہ کو تحریری فیصلے میں کہاگیاکہ رجسٹرار کی تعیناتی پی ایم ڈی سی کا اختیار ہے، رجسٹرار اپنی بحالی کیلئے
پی ایم ڈی سی سے رجوع کریں، فیصلے میں کہاگیاکہ رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے توہین عدالت کی درخواست واپس لینے کی یقین دہانی کرائی، یقین دہانی پر توہین عدالت کی ہائی کورٹ میں زیرالتواء درخواست خارج کی جاتی ہے۔فیصلہ میں کہاگیاکہ پی ایم ڈی سی کونسل جلد اپنا اجلاس بلائے ، پی ایم ڈی سی کی ایڈ ہاک کونسل 11 ممبران پر مشتمل ہوگی، سیکریٹری ہیلتھ اور پرنسپل ڈی مونٹمورینسی کالج آف ڈینٹسٹری کمیٹی میں شامل ہوں گے، کونسل کو اجلاس فوری بلایا جائے، کونسل صدر ممبران کی مشاورت سے رجسٹرار کی تعیناتی کریں گے۔سپریم کورٹ نے سابقہ رجسٹرار پی ایم ڈی سی کو تمام ریکارڈ فوری طور پر سیکریٹری صحت کے حوالے کرنے کا حکم دیا ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق سیکریٹری صحت کونسل کے اجلاس کو منعقد کرنے میں تعاون کریں گے۔