کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ ڈویڑن کے قبائلی ضلع کرم میں ایک خاتون کی کورونا وائرس سے انتقال کے بعد مرحومہ کے خاندان کے چار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے ساتھ ضلع کرم میں تعداد 6 جبکہ کوہاٹ ڈویڑن کے پانچوں اضلاع میں مجموعی تعداد بڑھ کر 60 ہوگئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل کے علاقے ورسک میں گزشتہ روز ایک معمر خاتون کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئی تھی جس کے بعد مرحومہ کے خاندان والوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں چار افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر ضلعی انتظامیہ
نے علاقے کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا اور علاقے کو سیل کردیا۔ چار نئے کیسوں کے ساتھ ضلع کرم میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی جبکہ کوہاٹ ڈویڑن کے پانچوں اضلاع میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 60 ہوگئی۔ سرکاری پورٹل پر جاری اعداد وشمار کے مطابق کوہاٹ میں 35، کرک میں 6، ہنگو میں 9 اور قبائلی اضلاع اورکزئی میں 4 جبکہ کرم میں 2 مریض ہیں تاہم کرم میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد تعداد 6 ہوگئی۔ باخبر ذرائع کے مطابق کرک اور کرم میں تعداد میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔